ذکرِ الٰہی بے اثر کیوں؟ برکات سے محرومی کے آٹھ اسباب
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿اُتْلُ مَاۤ اُوْحِيَ اِلَيْكَ مِنَ الْكِتٰبِ وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ١ؕ اِنَّ الصَّلٰوةَ تَنْهٰى عَنِ الْفَحْشَآءِ وَ الْمُنْكَرِ١ؕ وَ لَذِكْرُ اللّٰهِ اَكْبَرُ١ؕ وَ اللّٰهُ يَعْلَمُ مَا تَصْنَعُوْنَ﴾
’’(اے نبی!) اس کتاب کو پڑھیے جو آپ کی طرف وحی کی گئی ہے اور نماز قائم کیجیے، بلاشبہ نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے، اور اللہ کا ذکر بہت بڑی چیز ہے، اور اللہ جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔‘‘ (سورۃ العنکبوت: 45)
ذکرِ الٰہی کے باوجود محرومی کیوں؟
ذکرِ الٰہی کے فوائد پر ہمارے پاس بے شمار کتب اور تقاریر موجود ہیں، اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ذکر سب سے بڑی عبادت ہے۔ نماز، تلاوت اور حمد و ثنا سمیت تقریباً ہر اہم عبادت کا مغز ذکر ہی ہے۔ اس کے باوجود ہم عملی طور پر ذکر کے نتائج اور برکات سے محروم نظر آتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں ایک طبقہ ہر وقت نماز، تلاوت اور حمد و ثنا میں مصروف رہتا ہے، مگر اس کے باوجود:
- عقیدہ درست نہیں ہوتا،
- زندگی بھر شرک سے جان نہیں چھوٹتی، یعنی ذکر بھی ہے اور شرک بھی،
- اخلاق پر ذکر کا ذرہ بھر اثر دکھائی نہیں دیتا۔
اکثر دیکھا گیا ہے کہ ذکر و اذکار کے پابند لوگ دل کے سخت ہوتے ہیں، کسی کو معاف کرنے یا معافی مانگنے کا نام نہیں لیتے، اور گندے مذاق اور گالم گلوچ بھی جاری رہتی ہے۔
حالانکہ قرآن و حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ذکرِ الٰہی سب سے پہلے انسان کے عقیدے کو توحید پر قائم کرتا ہے، پھر اسے اخلاقی طور پر تربیت یافتہ مسلمان بناتا ہے۔ اس کے علاوہ ذکر میں ایسی لذت اور مٹھاس ہے جو دنیا کے غم ہلکے کر دیتی ہے، اور اس سے جسمانی و روحانی شفا بھی حاصل ہوتی ہے۔ مگر آج اکثر ذاکرین ذکر کی چاشنی، ایمانی کیفیت اور شفا سے محروم ہیں۔
یاد رکھیں کہ ذکر پر اجر و ثواب ملتا ہے اور جنت میں درجات بلند ہوتے ہیں، لیکن جس شخص پر ذکرِ الٰہی نے دنیا میں کوئی اثر نہ کیا، اندیشہ ہے کہ وہ آخرت میں بھی اس کے اثرات و برکات سے محروم رہے۔ اس لیے ہمیں اپنی اصلاح کی فکر کرنی چاہیے۔
اس محرومی کے آٹھ بڑے اسباب ہیں۔ انہیں سمجھ کر دور کر لیا جائے تو ذکر کی برکات آج بھی حاصل ہو سکتی ہیں۔ جو شخص پورے آداب اور بصیرت سے ذکر کرتا ہے، وہ مایوس نہیں ہوتا اور اسے کسی نجومی یا عامل کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
آیت کا پیغام: ذکر کی عظمت کا احساس
مذکورہ آیت میں تلاوتِ قرآن اور اقامتِ نماز دونوں کا حکم ہے۔ تلاوت اعلیٰ درجے کا ذکر ہے اور مسلمان کی زندگی کا روحانی نور بھی، اس لیے اسے روزانہ کا معمول بنانا چاہیے۔ نماز کی قبولیت کی بڑی علامت یہ ہے کہ دل میں فحاشی اور برائی سے نفرت پیدا ہو جاتی ہے، اور نماز بندے کو اللہ کے قریب کر دیتی ہے۔
قابلِ غور بات یہ ہے کہ تلاوت بھی ذکر ہے اور نماز بھی ذکر، لیکن آیت کا اختتام ان الفاظ پر ہوا:
«وَلَذِكْرُ اللّٰهِ اَكْبَرُ»
ہماری سب سے بڑی غفلت یہی ہے کہ ذکر کرتے وقت ہمیں اس کی عظمت کا احساس نہیں ہوتا۔ جب یہ احساس پیدا ہوگا تو برکات بھی نصیب ہوں گی۔ اب وہ آٹھ اسباب ملاحظہ کیجیے جن میں سے کسی ایک میں مبتلا ہونا بھی ذکر کی برکات میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
1۔ محبت کا نہ ہونا
انسان کے اندر سب سے طاقتور جذبہ محبت کا ہے، اور محبت دلی تعلق کا نام ہے۔ جب دل ذکر کی طرف پوری طرح مائل ہو جائے تو سمجھیں کہ یہ محبت والا ذکر ہے۔ ذکر کے بے اثر ہونے کی پہلی وجہ یہی ہے کہ ہمارے ذکر میں پیار، شوق اور لگن نظر نہیں آتی۔
ذکر میں محبت کا مطلب یہ ہے کہ اسے پورے اہتمام سے کیا جائے، طہارت اور دیگر آدابِ ذکر کا خیال رکھا جائے، اور دل میں یہ احساس ہو کہ ہم دنیا کا سب سے عظیم کام کر رہے ہیں۔ ذکر کرتے وقت اللہ تعالیٰ کے تخلیقی کمالات سامنے رکھے جائیں اور اسی کو اپنی محبتوں کا مرکز بنایا جائے۔ ارشادِ باری ہے:
﴿وَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِ﴾
’’اور جو ایمان والے ہیں وہ سب سے زیادہ اللہ سے محبت رکھنے والے ہیں۔‘‘ (سورۃ البقرۃ: 165)
محبت ذکر کی بنیاد ہے۔ جس طرح سر کے بغیر دھڑ کسی کام کا نہیں، اسی طرح محبت کے بغیر محض الفاظ کی تکرار فائدہ نہیں دیتی۔ بددلی اور بے توجہی چھوڑ کر پورے شوق اور ولولے سے ذکر کرنا چاہیے۔ محبت کا اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ انسان اپنے دکھ درد کو بھی ذکر اور دعا میں ڈھال لے۔ اس کے لیے انبیائے کرام علیہم السلام، جیسے حضرت یعقوب اور حضرت ایوب علیہما السلام، کی قرآنی دعائیں اور نبی کریم ﷺ کی صحیح احادیث میں مذکور دعائیں بہترین انتخاب ہیں۔ ذکر اسی وقت اپنی برکات دیتا ہے جب وہ محبت اور خشیت کے ساتھ کیا جائے۔
2۔ سمجھ کا نہ ہونا
ذکر کے بے اثر ہونے کی دوسری وجہ عدمِ فہم ہے، یعنی ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہم زبان سے کیا کہہ رہے ہیں۔ جب ذہن کلمات کو سمجھ نہ رہا ہو اور دل پر اثر نہ ہو تو ایسے رٹے رٹائے ذکر سے کچھ اجر تو مل سکتا ہے، لیکن تربیت اور مکمل برکات حاصل نہیں ہوتیں۔
اس کا حل یہ ہے کہ روزانہ ذکر کے کلمات کے معانی سیکھے جائیں اور انہیں بصیرت کے ساتھ ادا کیا جائے۔ جب ذکر غور و فکر کا عمل بن جاتا ہے تو اس میں رونق اور برکت آ جاتی ہے۔ قرآن مجید نے اہلِ عقل کی یہی علامت بیان کی ہے:
﴿الَّذِيْنَ يَذْكُرُوْنَ اللّٰهَ قِيٰمًا وَّ قُعُوْدًا وَّ عَلٰى جُنُوْبِهِمْ وَ يَتَفَكَّرُوْنَ فِيْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ۚ رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هٰذَا بَاطِلًا سُبْحٰنَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ﴾
’’جو کھڑے، بیٹھے اور اپنی کروٹوں پر اللہ کا ذکر کرتے ہیں اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش پر غور و فکر کرتے ہیں (اور کہتے ہیں): اے ہمارے رب! تو نے یہ سب بے مقصد نہیں بنایا، تو پاک ہے، پس ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔‘‘ (سورۃ آل عمران: 191)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ ذکر فکر کے ساتھ ہونا چاہیے، اور حقیقی ذکر وہی ہے جو شعور کے ساتھ ہو۔ افسوس کہ بہت سے پچاس پچاس سال کے نمازی بھی نماز کے ترجمے بلکہ ذکر کے ابتدائی کلمات کے معانی سے بھی واقف نہیں ہوتے۔ اس کوتاہی میں ان خطبا کا بھی حصہ ہے جنہوں نے اپنے خطابات غیر ثابت روایات اور قصوں سے تو سجائے، مگر لوگوں کو ذکر کی حقیقت سمجھانے پر محنت نہیں کی۔
3۔ ٹھہراؤ کا نہ ہونا (جلد بازی)
تیسری وجہ جلد بازی ہے۔ ہم تسبیح اور انگلیوں پر گنتی پوری کرنے کی دوڑ میں کلمات اتنی تیزی سے ادا کرتے ہیں کہ الفاظ درست ادا ہی نہیں ہوتے، اور جب الفاظ ہی درست نہ ہوں تو درست نتائج کی امید کیسے ہو؟ ذکر کے کلمات کو کاٹ چھانٹ کر ادا کرنے کے بجائے حسن اور خوبصورتی سے، رک رک کر، محبت اور سکون کے ساتھ ادا کرنا چاہیے۔ اس سے ذکر پرلذت عبادت بن جاتا ہے۔
نبی کریم ﷺ ٹھہر ٹھہر کر اطمینان سے ذکر اور تلاوت فرماتے تھے۔ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے آپ کی قراءت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ ایک ایک لفظ کو واضح کر کے پڑھتے تھے۔ (سنن ابی داود: 1466، جامع الترمذی: 2923، صحیح ابن خزیمہ: 1158)
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ حروف اور الفاظ کو کھینچ کر پڑھتے تھے۔ (صحیح البخاری: 5045)
سورۃ الفاتحہ کے بارے میں آتا ہے کہ آپ ﷺ ہر آیت پر وقف فرماتے، مثلاً «الحمد للہ رب العالمین» پڑھ کر رک جاتے، پھر «الرحمن الرحیم» پڑھ کر وقف کرتے۔ (جامع الترمذی: 2927)
یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ جلدی جلدی گنتی پوری کرنے والے لوگ اکثر سخت دل اور بد اخلاق ہوتے ہیں، اور یہ فطری بات ہے کہ جو شخص ذکر کے پاکیزہ کلمات کا ادب نہ کرے، وہ انسانوں کا ادب کیسے کرے گا؟
4۔ کثرت کا نہ ہونا
چوتھی وجہ یہ ہے کہ ہم دنیا اور گناہ کی باتیں بہت کرتے ہیں اور اللہ کا ذکر بہت کم، اور وہ تھوڑا ذکر بھی بے توجہی اور تیزی کی نذر ہو جاتا ہے۔ جو شخص ذکر کی برکات حاصل کرنا چاہتا ہے، اسے کثرت سے ذکر کرنا چاہیے۔ قرآن مجید میں کئی مقامات پر اس کا حکم آیا ہے:
﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اذْكُرُوا اللّٰهَ ذِكْرًا كَثِيْرًا وَّ سَبِّحُوْهُ بُكْرَةً وَّ اَصِيْلًا﴾
’’اے ایمان والو! اللہ کا بہت زیادہ ذکر کیا کرو اور صبح و شام اس کی پاکی بیان کرو۔‘‘ (سورۃ الاحزاب: 41-42)
﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا لَقِيْتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوْا وَ اذْكُرُوا اللّٰهَ كَثِيْرًا لَّعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ﴾
’’اے ایمان والو! جب کسی گروہ سے تمہارا مقابلہ ہو تو ڈٹ جاؤ اور اللہ کا بہت زیادہ ذکر کرو تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ۔‘‘ (سورۃ الانفال: 45)
نبی کریم ﷺ ہر وقت اللہ کا ذکر کرتے تھے:
«كَانَ النَّبِيُّ ﷺ يَذْكُرُ اللّٰهَ تَعَالَى فِي كُلِّ أَحْيَانِهِ»
(سنن ابی داود: 18، سنن ابن ماجہ: 302، جامع الترمذی: 3383)
آپ کی سیرت سے معلوم ہوتا ہے کہ بیت الخلا میں داخل ہوتے وقت بھی دعا پڑھتے اور نکلتے وقت یہ کلمہ فرماتے:
«غُفْرَانَكَ»
یعنی اے اللہ! اس وقت میں تیرے ذکر کے بغیر جو وقت گزرا، اس پر تجھ سے معافی چاہتا ہوں۔ بعض صحابہ کے مطابق آپ ایک مجلس میں سو سو مرتبہ استغفار فرمایا کرتے تھے۔
امام ابن الصلاح رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ ذکر کی کتنی مقدار آدمی کو «الذاكرين الله كثيراً» میں شامل کر دیتی ہے؟ انہوں نے فرمایا کہ صبح سے شام تک جن مواقع پر رسول اللہ ﷺ نے جو دعائیں پڑھی ہیں، جو شخص ان مسنون دعاؤں کو اپنا معمول بنا لے، وہ ان شاء اللہ کثرت سے ذکر کرنے والوں میں شمار ہوگا۔ (فقہ السنۃ، ج 1، ص 512)
نبی کریم ﷺ نے ذکر کے بغیر زیادہ باتیں کرنے سے بھی خبردار فرمایا:
«لَا تُكْثِرُوا الْكَلَامَ بِغَيْرِ ذِكْرِ اللّٰهِ؛ فَإِنَّ كَثْرَةَ الْكَلَامِ بِغَيْرِ ذِكْرِ اللّٰهِ تَعَالَى قَسْوَةٌ لِلْقَلْبِ، وَإِنَّ أَبْعَدَ النَّاسِ مِنَ اللّٰهِ الْقَلْبُ الْقَاسِي»
’’ذکرِ الٰہی کے علاوہ زیادہ باتیں نہ کرو، کیونکہ ذکرِ الٰہی کے بغیر زیادہ باتیں دل کی سختی کا باعث ہیں، اور لوگوں میں اللہ سے سب سے دور سخت دل شخص ہے۔‘‘ (جامع الترمذی: 2411)
5۔ ہمیشگی کا نہ ہونا
پانچویں وجہ دوام کی کمی ہے، یعنی کبھی ذکر کر لیا اور کبھی چھوڑ دیا، کبھی نماز پڑھی اور کبھی نہ پڑھی، کبھی کئی پارے تلاوت کر لیے اور کبھی ہفتوں قرآن کھول کر نہ دیکھا۔ ایسی بے قاعدگی سے ذکر کے ثمرات حاصل نہیں ہوتے۔
نبی کریم ﷺ نے ہمیشہ کیے جانے والے عمل کو، چاہے وہ تھوڑا ہو، اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ قرار دیا۔ (صحیح البخاری: 6464) آپ کا اپنا معمول بھی یہی تھا کہ صبح شام کے اذکار، رات کی عبادت، تلاوت اور ہر نماز کے بعد کے اذکار میں ناغہ نہیں فرماتے تھے۔
ذکر پر ہمیشگی اس لیے بھی ضروری ہے کہ جب انسان ذکر سے غافل ہوتا ہے تو شیطان کی مداخلت شروع ہو جاتی ہے:
﴿وَ مَنْ يَّعْشُ عَنْ ذِكْرِ الرَّحْمٰنِ نُقَيِّضْ لَهٗ شَيْطٰنًا فَهُوَ لَهٗ قَرِيْنٌ وَ اِنَّهُمْ لَيَصُدُّوْنَهُمْ عَنِ السَّبِيْلِ وَ يَحْسَبُوْنَ اَنَّهُمْ مُّهْتَدُوْنَ﴾
’’اور جو شخص رحمان کے ذکر سے غفلت برتتا ہے، ہم اس پر ایک شیطان مسلط کر دیتے ہیں، پھر وہ اس کا ساتھی بن جاتا ہے۔ اور وہ (شیاطین) انہیں راہِ حق سے روکتے رہتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہدایت پر ہیں۔‘‘ (سورۃ الزخرف: 36-37)
اسی لیے نیک لوگ گرمی ہو یا سردی، سفر ہو یا حضر، اپنے معمولات کی پابندی کرتے رہے ہیں۔ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے بارے میں ان کے شاگرد حافظ ابن القیم رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ وہ فجر کے بعد اپنی جگہ بیٹھے رہتے، یہاں تک کہ دن خوب چڑھ آتا، اور فرماتے کہ یہ میرا ناشتہ ہے، اگر میں یہ ناشتہ نہ کروں تو میری قوت جواب دے جائے۔ (الرد الوافر: 36)
ان کی راتوں کے بارے میں بیان ہے کہ وہ لوگوں سے الگ تنہائی میں اپنے رب کے سامنے گریہ و زاری کرتے، تلاوتِ قرآن پر ہمیشگی کرتے اور دن رات مختلف عبادات میں مشغول رہتے۔ (الکواکب الدریۃ: 156)
وہ اپنے مخالفین کے بارے میں فرماتے: ’’میرے دشمن میرا کیا بگاڑ سکتے ہیں؟ میری جنت اور میرا باغ میرے سینے میں ہے، میں جہاں جاؤں وہ میرے ساتھ رہتا ہے، مجھ سے جدا نہیں ہوتا۔‘‘ (الرد الوافر: 74)
یہ سکینت اور اطمینان ان کے حصے میں آتا ہے جو ذکر کو محبت اور پابندی کے ساتھ اپناتے ہیں۔ آزمائشوں میں گھرا ہونے کے باوجود دل کو ایسا سکون ملتا ہے جو محلوں میں رہنے والوں کو بھی نصیب نہیں ہوتا۔
6۔ غیر مسنون اذکار
چھٹی وجہ یہ ہے کہ ہم میں سے کئی لوگ قرآن و سنت کے بیان کردہ اذکار کو کم اہمیت دیتے ہیں اور خود ساختہ الفاظ اور وظائف کو زیادہ۔ بعض وظائف تو انسان کو شرک اور بدعت تک لے جاتے ہیں۔ رنگ برنگے کارڈوں اور چھوٹے کتابچوں میں ایسے اذکار عام ملتے ہیں جن کی کوئی شرعی بنیاد نہیں ہوتی۔
نبی کریم ﷺ نے اللہ کی حمد و ثنا پر مشتمل بے شمار اذکار سکھائے ہیں، اور دنیا و آخرت کی ضروریات کے لیے آپ کی بتائی ہوئی دعائیں اتنی جامع ہیں کہ کوئی دوسری دعا ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ لہٰذا مسنون اذکار پر مشتمل کتابچے اپنے پاس رکھیں، کچھ اذکار کو روزانہ کا معمول بنائیں اور باقی ضرورت کے وقت پڑھتے رہیں۔
آج کل بعض محفلوں میں ’’ہُو ہُو‘‘ یا ’’حق حق‘‘ کہتے ہوئے گردن گھمانے جیسے طریقے دیکھنے میں آتے ہیں۔ یہ سب طریقے شریعت سے ثابت نہیں اور بدعت کے دائرے میں آتے ہیں۔ جب اللہ نے ذکر کا حکم دیا اور رسول اللہ ﷺ نے ہر موقع کے لیے تفصیل سے اذکار سکھا دیے تو یہی امت کا قیمتی خزانہ ہے۔
7۔ بے یقینی
اذکار، وظائف اور دعاؤں میں یقین کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ہماری حالت یہ ہے کہ دم کرتے ہوئے بھی کہتے ہیں کہ پتہ نہیں فائدہ ہوگا یا نہیں۔ جو اعتماد پاکیزہ کلمات اور مسنون دعاؤں پر ہونا چاہیے، وہ نہیں رہا، اور ہم فوراً دوسرے اسباب کی طرف دوڑتے ہیں۔ حالانکہ پورے دین کی بنیاد یقین پر ہے:
﴿هٰذَا بَصَآىِٕرُ لِلنَّاسِ وَ هُدًى وَّ رَحْمَةٌ لِّقَوْمٍ يُّوْقِنُوْنَ﴾
’’یہ لوگوں کے لیے بصیرت کی باتیں ہیں اور یقین رکھنے والوں کے لیے ہدایت اور رحمت ہیں۔‘‘ (سورۃ الجاثیۃ: 20)
اور اللہ تعالیٰ نے یقین کو امامت کے مقام سے بھی جوڑا:
﴿وَ جَعَلْنَا مِنْهُمْ اَىِٕمَّةً يَّهْدُوْنَ بِاَمْرِنَا لَمَّا صَبَرُوْا١ؕ۫ وَ كَانُوْا بِاٰيٰتِنَا يُوْقِنُوْنَ﴾
’’اور ہم نے ان میں ایسے امام بنائے جو ہمارے حکم سے رہنمائی کرتے تھے، جب انہوں نے صبر کیا اور وہ ہماری آیتوں پر یقین رکھتے تھے۔‘‘ (سورۃ السجدۃ: 24)
بے یقین شخص ساری زندگی ڈانواں ڈول رہتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
«اُدْعُوا اللّٰهَ وَأَنْتُمْ مُوقِنُونَ بِالْإِجَابَةِ، فَإِنَّ اللّٰهَ لَا يَسْتَجِيبُ دُعَاءً مِنْ قَلْبٍ غَافِلٍ لَاهٍ»
’’اللہ سے اس حال میں دعا کرو کہ تمہیں قبولیت کا یقین ہو، کیونکہ اللہ غافل اور بے پروا دل کی دعا قبول نہیں کرتا۔‘‘ (جامع الترمذی: 3479، سلسلہ احادیث صحیحہ: 594)
8۔ پرہیز کا نہ ہونا
آٹھویں اور سب سے خطرناک وجہ پرہیز کی کمی ہے۔ ہم ذکر بھی کرتے ہیں اور ساتھ ہی لغویات، فضول گوئی، منکرات اور محرمات میں بھی مبتلا رہتے ہیں، جس سے ذکر کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔ ذکر تھوڑا ہی سہی، مگر زبان اور نگاہ کی حفاظت میں مکمل احتیاط ضروری ہے۔ بے قابو زبان اور آوارہ نگاہ والا شخص ذکر کے ثمرات سے محروم رہتا ہے۔
اسے یوں سمجھیں کہ کوئی شخص اعلیٰ غذائیں کھا کر اوپر سے زہر پی لے تو زہر سب غذاؤں کا اثر زائل کر دیتا ہے۔ اسی طرح زبان سے پاکیزہ اذکار کرنے کے ساتھ بے حیائی کی باتیں اور بدنگاہی کا ارتکاب ذکر کے اثرات کو دبا دیتا ہے۔ دنیا کا عام اصول ہے کہ پرہیز کے بغیر اعلیٰ سے اعلیٰ دوا بھی فائدہ نہیں دیتی، اور دین کا معاملہ بھی یہی ہے۔
قرآن مجید نے اہلِ ایمان کی صفات میں لغو سے پرہیز کو نمایاں فرمایا ہے:
﴿وَالَّذِيْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ﴾
’’اور جو لغو (فضول) باتوں سے منہ موڑے رکھتے ہیں۔‘‘ (سورۃ المومنون: 3)
﴿وَاِذَا مَرُّوْا بِاللَّغْوِ مَرُّوْا كِرَامًا﴾
’’اور جب کسی لغو چیز کے پاس سے گزرتے ہیں تو باوقار انداز میں گزر جاتے ہیں۔‘‘ (سورۃ الفرقان: 72)
﴿وَاِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ اَعْرَضُوْا عَنْهُ﴾
’’اور جب وہ کوئی لغو بات سنتے ہیں تو اس سے منہ پھیر لیتے ہیں۔‘‘ (سورۃ القصص: 55)
عربی کا مشہور مقولہ ہے:
«الْوِقَايَةُ أَهَمُّ شَيْءٍ»
یعنی بچاؤ اور پرہیز سب سے اہم چیز ہے۔
خلاصہ
ذکر کا پہلا اثر دل پر ہوتا ہے۔ ذکر کرنے والے کا دل نرم ہوتا ہے، اور یہ کبھی نہیں ہو سکتا کہ ذکر بارگاہِ الٰہی میں مقبول بھی ہو اور دل پتھر سے زیادہ سخت رہے۔ ذکر کو مؤثر بنانے کے لیے ان باتوں کا اہتمام کیجیے:
- محبت اور شوق کے ساتھ ذکر کریں،
- کلمات کے معانی سمجھ کر ادا کریں،
- ٹھہراؤ اور اطمینان اختیار کریں،
- کثرت سے ذکر کریں،
- ذکر کی پابندی اور ہمیشگی رکھیں،
- قرآن و سنت کے مسنون اذکار پر اکتفا کریں،
- یقین اور اعتماد رکھیں،
- زبان اور نگاہ کی حفاظت کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں محبت، بصیرت، ٹھہراؤ، کثرت، دوام اور مکمل یقین کے ساتھ ذکرِ الٰہی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
تحریری: عبد المنان راسخ

