بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ، والصلاۃ والسلام علی رسول اللہ ﷺ۔
دینِ اسلام اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ مکمل نظامِ حیات ہے، جس کی بنیاد کتاب اللہ اور سنتِ رسول اللہ ﷺ پر ہے۔ صحیح دینی رہنمائی وہی ہے جو قرآن و سنت سے ثابت ہو اور جسے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فہم اور سلفِ صالحین کے منہج کی روشنی میں سمجھا جائے۔
ادارہ کتاب و حکمت اسی مقصد کے تحت علمی و دعوتی خدمت انجام دینے کی ایک کوشش ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں ایسی دینی معلومات پیش کی جائیں جو عام قاری کے لیے آسان، واضح اور قابلِ اعتماد ہوں۔
اس ویب سائٹ پر فتاویٰ، خطبات، مضامین، مسنون اذکار، قرآنی و حدیثی وظائف، کتب اور دیگر علمی مواد پیش کیا جائے گا۔ بالخصوص وظائف اور اذکار کے معاملے میں کوشش ہوگی کہ جو عمل نبی کریم ﷺ سے ثابت ہو، اسے اس کے مستند ماخذ کے ساتھ بیان کیا جائے، اور غیر ثابت روایات یا بے اصل اعمال کو دین کا حصہ بنا کر پیش نہ کیا جائے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ دین کے معاملے میں جذبات کے ساتھ تحقیق، دلیل اور امانت بھی ضروری ہے۔ اس لیے ہمارا مقصد محض معلومات فراہم کرنا نہیں، بلکہ ایسی علمی رہنمائی پیش کرنا ہے جو انسان کو قرآن و سنت سے جوڑے اور عمل کی طرف متوجہ کرے۔
ادارہ کتاب و حکمت کسی نئی راہ یا نئے نظریے کی دعوت نہیں دیتا؛ بلکہ ہمارا مقصد وہی قدیم اور واضح دعوت ہے:
کتاب اللہ کو بنیاد بنانا، سنتِ رسول ﷺ کو معیار سمجھنا، اور دین کو صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے فہم کے مطابق سمجھنا۔
اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے، اسے نفعِ عام کا ذریعہ بنائے اور ہمیں حق بات کو جاننے، سمجھنے اور اس پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
عبدالمنان راسخ
مدیر ادارہ کتاب و حکمت فیصل آباد

